نئی دہلی:چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی صدارت میں ہوئی اس میٹنگ کے بعد الیکشن کمیشن نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے لنک کیا جائے گا اور یہ عمل پوری طرح سے آئین و سپریم کورٹ کے فیصلے کو پیش نظر رکھتے ہوئے انجام دیا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے جوڑنے کا عمل آئین کے آرٹیکل 326 اور عوامی نمائندہ ایکٹ 1950 کی دفعہ 23(4)، 23(5) اور 23(6) کے تحت ہوگا۔ کمیشن نے سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آدھار کارڈ محض شناخت کا ثبوت ہے، شہریت کا نہیں۔ اس لیے آدھار سے لنک کرنے کا عمل یہ یقینی بنائے گا کہ صرف ہندوستانی شہری ہی ووٹر لسٹ میں درج ہوں۔ کمیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئین کے مطابق ووٹنگ کا حق صرف ہندوستانی شہریوں کو مل سکتا ہے۔ آدھار صرف شخص کی شناخت ثابت کرتا ہے، اس کی شہریت نہیں۔ اس لیے لنکنگ کے اس عمل کو قانونی دائرے میں رکھا جائے گا اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ہی قدم اٹھایا جائے گا۔
دی گئی جانکاری کے مطابق الیکشن کمیشن اور آدھار کارڈ جاری کرنے والے ادارہ ’یو آئی ڈی اے آئی‘ کے تکنیکی ماہرین جلد ہی ووٹر شناختی کارڈ اور آدھار کو لنک کرنے کی پیش رفت پر اپنا کام شروع کر دیں گے۔ اس پورے عمل کو سائبر سیکورٹی اور ڈاٹا پرائیویسی کو توجہ میں رکھتے ہوئے انجام دیا جائے گا، تاکہ شہریت سے متعلق کوئی بھی افواہ یا گمراہی نہ پھیلے۔
قابل ذکر ہے کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے عہدہ سنبھالنے کے بعد انتخابی اصلاحات کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات کو زیادہ شفاف اور مجموعی بنانے کے لیے کئی نئے اقدام اٹھا رہے ہیں۔ اس تعلق سے الیکشن کمیشن نے پہلی مرتبہ قومی اور ریاستی سطح کی سبھی منظور شدہ سیاسی پارٹیوں سے 30 اپریل 2025 تک مشورہ بھی طلب کیا ہے۔ اس کے علاوہ 31 مارچ 2025 تک الیکٹورل رجسٹریشن افسران، ضلع الیکٹورل افسران اور چیف الیکٹورل افسران کے ساتھ میٹنگ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ ان میٹنگوں میں سیاسی پارٹیوں کی فکر اور مشوروں پر غور کیا جائے گا، تاکہ انتخابی عمل میں بھروسہ اور شفافیت برقرار رہے۔