حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے ریاست بھر کے ائمہ کرام اور مؤذنین کے لیے جون 2026 کا اعزازیہ جاری کر دیا ہے۔ تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق حکومت نے 15 ہزار 958 ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیے کی مد میں 7 کروڑ 97 لاکھ 90 ہزار روپے جاری کیے ہیں۔وقف بورڈ کے مطابق یہ رقم جون 2026 کے اعزازیے کے طور پر ریاست کے مختلف اضلاع میں خدمات انجام دینے والے ائمہ کرام اور مؤذنین کو ادا کی جائے گی۔
تلنگانہ وقف بورڈ کے چیئرمین سید عظمت اللہ حسینی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اس موقع پر ریاستی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ اے۔ ریونتھ ریڈی، نائب وزیر اعلیٰ و وزیر خزانہ اور وزیر برائے اقلیتی بہبود کے تعاون سے یہ اعزازیہ بروقت جاری کیا گیا ہے۔
وقف بورڈ نے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے ریاست بھر کے ائمہ کرام اور مؤذنین کو مالی سہارا ملے گا اور وہ اپنی دینی و سماجی خدمات مزید بہتر انداز میں انجام دے سکیں گے۔تلنگانہ حکومت کی جانب سے ائمہ و مؤذنین کے لیے اعزازیہ کی بروقت اجرائی کو اقلیتی بہبود کے اقدامات میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ہزاروں مذہبی خدمات انجام دینے والے افراد کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
