مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے بات کی اور ہدایت دی کہ اپنی ریاستوں میں موجود پاکستانی شہریوں کی فوری شناخت کر کے ان کی واپسی یقینی بنائی جائے۔ ذرائع کے مطابق، امت شاہ نے زیادہ تر وزرائے اعلیٰ سے جمعہ کو فون پر رابطہ کیا اور باقی سے جلد بات کی جائے گی۔ یہ قدم جموں و کشمیر کے پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد اٹھایا گیا ہے، جس میں 26 سیاح جاں بحق ہوئے۔ واقعہ کے بعد ہندوستان نے 27 اپریل سے پاکستانی شہریوں کے ویزے رد کر دیے اور وہاں مقیم ہندوستانیوں کو وطن واپسی کا مشورہ دیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے حملے کے بعد امت شاہ سے بات کر کے فوری کارروائی کی ہدایت دی تھی، جس پر امت شاہ نے ایمرجنسی میٹنگ بلائی اور متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کے احکامات جاری کیے۔







