سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اکتوبر ماہ میں خوردہ مہنگائی کی شرح 6 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔ اکتوبر 2024 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ملک میں خوردہ مہنگائی 6 فیصد سے زیادہ درج کی گئی ہے۔ یہ شرح آر بی آئی کی مقررہ حد کی بالائی سطح سے بھی زیادہ ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 6.63 فیصد رہی، جبکہ دیہی علاقوں میں یہ شرح 5.41 فیصد درج کی گئی۔ غذائی مہنگائی کی شرح تقریباً 9 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ ملک میں خوردہ مہنگائی کے تازہ اعداد و شمار کیا ہیں۔
وزارت شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں ہندوستان کی خوردہ مہنگائی (ریٹیل انفلیشن) بڑھ کر 6.09 فیصد ہو گئی، جبکہ ستمبر میں یہ 5.5 فیصد تھی۔ اس کی بنیادی وجہ غذائی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہے، جس سے گھریلو اخراجات کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔ ملک میں صارفین کی قیمتوں میں اضافے کا یہ مسلسل بارہواں مہینہ ہے۔
ہندوستان نے 12 فروری 2026 کو خوردہ مہنگائی کے لیے بنیادی سال (بیس ایئر) کو 2012 سے تبدیل کر کے 2024 کر دیا تھا۔ اس کے ذریعے قیمتوں میں تبدیلی کا جائزہ لینے کے لیے استعمال ہونے والی اشیا کی فہرست کو جدید بنایا گیا۔ اکتوبر کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مہنگائی اب ہندوستانی ریزرو بینک (آر بی آئی) کی مقررہ 2 سے 6 فیصد کی حد سے باہر ہو گئی ہے۔ خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے ایک سروے میں شامل تقریباً نصف ماہرین اقتصادیات کو توقع تھی کہ مہنگائی کی شرح 6 فیصد تک پہنچ جائے گی یا اس سے بھی تجاوز کر جائے گی۔
اکتوبر میں غذائی مہنگائی کی شرح ستمبر کے 7.75 فیصد سے بڑھ کر 8.94 فیصد ہو گئی۔ اس اضافے سے گھریلو اخراجات کا دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی غذائی اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خدشات بھی گہرے ہو گئے ہیں۔ خاص طور پر اس لیے کہ مانسون کی بارشیں غیر یکساں اور معمول سے کم ہونے کے باعث اہم غذائی اشیا کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ ہندوستان کے صارفین کے قیمتوں کے اشاریے (سی پی آئی) میں غذائی اشیا کا حصہ تقریباً 40 فیصد ہے اور خوردہ مہنگائی میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ بھی یہی اشیا ہیں۔







