ممبئی: مہاراشٹر حکومت نے ریاست بھر میں اسکولوں کے 500 میٹر کے دائرے میں ہائی انرجی ڈرنکس کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد بچوں اور نوجوانوں میں زیادہ کیفین والے مشروبات کے استعمال پر قابو پانا اور ان کی صحت کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی ریاستی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے سخت نگرانی اور کارروائی کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔
یہ اعلان ریاستی اسمبلی میں فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے وزیر نرہری جرِوال نے بی جے پی کے رکن اسمبلی وکرم پچپوتے کے سوال کے جواب میں کیا۔ وکرم پچپوتے نے ایوان میں کہا کہ ہائی انرجی ڈرنکس، خصوصاً نوجوانوں اور اسکولی بچوں میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں، حالانکہ ان کی بوتلوں پر واضح طور پر درج ہوتا ہے کہ یہ مشروبات بچوں اور حاملہ خواتین کے لیے موزوں نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود یہ مصنوعات اسکولوں کے باہر آسانی سے دستیاب ہیں، جس سے بچوں میں ان کی عادت بڑھ رہی ہے۔ ان کے مطابق کم عمری میں ایسے مشروبات کا مسلسل استعمال صحت پر طویل مدتی منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے، اس لیے ان کی فروخت پر فوری پابندی ضروری تھی۔
