پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کی ہر مذہب و ملت سے تعلق رکھنے والے افراد نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سیاسی، سماجی اور مسلم تنظیموں نے اسے انتہائی شرمناک واقعہ قرار دیا ہے۔ انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر (IICC) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اس حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا: ’’ہم آئی آئی سی سی کے تمام اراکین، بورڈ آف ٹرسٹیز اور ایگزیکٹیو کونسل اس بہیمانہ واقعے سے شدید غم زدہ ہیں۔‘‘
سنٹر نے کہا کہ یہ غیر انسانی فعل پوری قوم کے ضمیر کو جھنجھوڑنے والا ہے۔ ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریکِ غم ہیں۔ معصوم جانیں، جو اس بزدلانہ حملے کا نشانہ بنیں، حقیقی معنوں میں شہید ہیں اور ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
سنٹر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری کارروائی کر کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔







