گرمی کی شدت، سورج کی تپش اور لُو سے بچاؤ کے لیے دہلی حکومت نے کمر کس لی ہے۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے ’ہیٹ ایکشن پلان‘ لانچ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے دہلی سکریٹریٹ سے خصوصی طور پر تیار کردہ 13 وین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ موبائل ہیٹ ریلیف یونٹس راجدھانی کے 13 اضلاع میں تعینات کیے جائیں گے۔ اس پہل کا مقصد نہ صرف لوگوں کو گرمی سے بچانا ہے، بلکہ ضرورت پڑنے پر انہیں فوری طبی امداد بھی فراہم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ ان ’ہیٹ ویو رسپانس وین‘ کو چلتے پھرتے ریلیف سنٹر کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ ہر وین میں ٹھنڈا پانی فراہم کرنے کے لیے واٹر کولر، ابتدائی طبی امداد کے لیے فرسٹ ایڈ کٹ، جسم میں پانی اور نمک کی کمی کو پورا کرنے کے لیے او آر ایس اور سر کو تیز دھوپ سے بچانے کے لیے ٹوپیاں اور تولیے رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر کسی شخص کی طبیعت گرمی کی وجہ سے بگڑتی ہے، تو اسے موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر قریبی ہسپتال تک پہنچانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ ان وین کو خاص طور پر بھیڑ بھاڑ والے علاقوں اور اہم چوراہوں پر تعینات کیا جائے گا، جہاں گرمی کا اثر سب سے زیادہ دیکھنے کو ملتا ہے۔
’ہیٹ ایکشن پلان‘ کے تحت تعینات کیے گئے وین ایک طرح سے ’ہیلپ ڈیسک‘ کی طرح کام کریں گی، جہاں لوگ آکر راحت حاصل کر سکیں گے۔ سڑک پر کام کرنے والے مزدور، رکشہ ڈرائیور، ڈیلیوری بوائز اور دیگر بیرونی کام کرنے والے افراد کے لیے یہ پہل کافی راحت بخش ثابت ہو سکتی ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد شہریوں کی حفاظت اور صحت ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ اس منصوبے کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جائے اور ضرورت مند لوگوں تک ہر ممکن مدد پہنچائی جائے۔ واضح رہے کہ دہلی میں ہر سال گرمی کی شدت بڑھتی جا رہی ہے، ایسے میں اس طرح کے اقدامات نہ صرف راحت دیتے ہیں بلکہ بیداری پیدا کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اس کے علاوہ دہلی حکومت نے ’ہیٹ ایکشن پلان بُکلیٹ‘ بھی جاری کی ہے، جس میں گرمی سے بچاؤ کے آسان اور ضروری طریقے بتائے گئے ہیں۔ لوگوں کو بتایا گیا ہے کہ کیسے گھر پر رہ کر بھی خود کو اور اپنے خاندان کو گرمی سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ حکومت نے اپیل کی ہے کہ گرمی میں زیادہ سے زیادہ پانی پیئیں، اگرچہ پیاس نہ لگی ہو۔ بلا ضرورت دوپہر کی تیز دھوپ میں باہر نہ نکلیں۔ بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھیں۔ ہنگامی صورتحال میں 112 ہیلپ لائن نمبر پر کال کریں گے تو ’موبائل ہیٹ ریلیف یونٹ‘ فوری طور پر آپ کے پاس پہنچ جائے گی۔







