راشٹرپتی بھون کے ذریعہ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اڈیشہ کے گورنر رگھوبر داس کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ ان کی جگہ اب ہری بابو اڈیشہ کے گورنر ہوں گے، جو کہ پہلے میزورم کے گورنر تھے۔ رگھوبر داس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ ’مین اسٹریم کی سیاست‘ میں پھر سے واپسی کر سکتے ہیں۔
بہار اور کیرالہ کو لے کر بڑی خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ ان دونوں ریاستوں کے گورنر کی ’ادلا-بدلی‘ ہو گئی ہے۔ یعنی کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان اب بہار کے گورنر ہوں گے، اور بہار کے گورنر راجندر وشوناتھ آرلیکر اب کیرالہ کے گورنر ہوں گے۔ عارف محمد خان کو 6 ستمبر 2019 کو کیرالہ کا گورنر بنایا گیا تھا۔ وہ اکثر اپنے بیانات اور فیصلوں کی وجہ سے سرخیوں میں رہے۔ بہار میں ان کی کارکردگی کیسی رہتی ہے، یہ تو آنے والا وقت بتائے گا۔ خاص طور پر آئندہ سال بہار اسمبلی انتخابات کے بعد حکومت سازی میں کوئی رسہ کشی ہوتی ہے تو پھر عارف محمد خان کا کردار بہت اہم ثابت ہو سکتا ہے۔
جنرل وی کے سنگھ اور اجئے کمار بھلّا ایسے دو نام ہیں جن کی تقرری حقیقی معنوں میں نئے گورنر کے طور پر ہوئی ہے۔ سابق داخلہ سکریٹری اجئے بھلا کو منی پور کا گورنر بنایا گیا ہے، جبکہ جنرل وی کے سنگھ میزورم کے گورنر بنائے گئے ہیں۔ داخلہ سکریٹری کے طور پر اجئے کمار بھلّا کی مدت کار 22 اگست 2024 کو ہی ختم ہوئی ہے۔ وہ آسام-میگھالیہ کیڈر کے 1984 بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں۔ مودی حکومت نے انھیں 2019 میں مرکزی داخلہ سکریٹری مقرر کیا تھا۔ نومبر 2020 میں انھیں سبکدوش ہونا تھا، لیکن مرکزی حکومت کی طرف سے بھلّا کو لگاتار 4 مرتبہ سروس میں توسیع دی گئی۔