دوحہ: قطر نے فلسطینی شہر الخلیل (ہیبرون) میں واقع تاریخی ابراہیمی مسجد پر اسرائیلی کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔ قطری وزارت خارجہ نے اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری بیان میں قطر نے مسجد کا انتظام فلسطینی وزارتِ اوقاف اور ہیبرون میونسپلٹی سے لے کر اسرائیلی نوآبادی “کریات اربعہ” کی یہودی مذہبی کونسل کو منتقل کرنے کی مذموم کوشش کی سخت مخالفت کی۔ قطر نے اسے مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے والا عمل اور مقدسات کی حیثیت کو ختم کرنے کی کوشش قرار دیا۔ بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فلسطینی مذہبی مقامات کا تحفظ کرے اور اسرائیل پر دباؤ ڈالے کہ وہ شناخت مٹانے والی پالیسیوں سے باز رہے۔ ابراہیمی مسجد مسلمانوں اور یہودیوں دونوں کے لیے مقدس مقام ہے، جس پر اسرائیل مکمل کنٹرول چاہتا ہے۔
Read more on qaumiawaz.com







